نئی دہلی،28؍مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی ممبر اسمبلی وجیندر گپتا نے منگل کہا کہ آئندہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات صرف شہرکے مسائل پر مرکوز نہ رہ کر اب یہ قوم پرست اور ملک مخالف، انارکی پھیلانے والی اور فاشسٹ طاقتوں کے درمیان جنگ بن گئی ہے۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی طرف سے ملک مخالف طاقتوں کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے اور ان کے تئیں ہمدردی رکھنے کی بی جے پی سخت سے سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے، علیحدگی پسند لیڈر پروفیسر اے جی نورانی کے ساتھ اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کے اسٹیج شیئر کرنے پر وجیندر گپتا نے کہا کہ نورانی برہان وانی کو شہید اور کشمیر کو ہندوستان سے الگ کرنے کی وکالت کر چکے ہیں ، اتنا ہی نہیں سسودیا نے خود کہا کہ وہ ایک جیسی سوچ رکھتے ہیں۔کیجریوال اور راہل گاندھی جے این یو اور رامجس کالج کے تنازعہ میں آزادی کا مطالبہ اور ملک کے ٹکڑے کرنے والوں کا ساتھ دیتے نظر آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اصل میں آپ اور کانگریس ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں۔گپتا نے کہا کہ جب ملک مخالف طاقتیں سر اٹھاتی ہیں تو راہل گاندھی اور کیجریوال ایک ہی زبان بولتے ہیں۔گپتا نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کے دوران کیجریوال ملک مخالف طاقتوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑتے نظر آئے۔انہوں نے نوٹ بند ی کو ملک مخالف قدم بتایا اور سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگے تھے۔انہوں نے ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان تعلقات کو ہندوستان -پاکستان کے درمیان تعلقات جیسی صورتحال بتایا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہلی کی عوام پنجاب اور گوا کی طرح ملک مخالف اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کو دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں سخت سے سخت جواب دے۔